واشنگٹن4جون(آئی این ایس انڈیا)وہائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر براک اوباما وزیر اعظم نریندر مودی کے یہاں آنے پر ان سے سیکورٹی اور دفاعی تعاون، اقتصادی ترقیاتی ترجیحات اور موسمیاتی تبدیلی سمیت کئی معاملات پر بحث کرنا چاہتے ہیں ۔امریکہ کے صدر براک اوباما کے ساتھ فلوریڈا میامی جا رہی وائٹ ہاؤس کی پریس ڈپٹی سیکریٹری جینیفر فریڈمین نے ایئر فورس ون میں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ سفر جنوری 2015میں صدر اوباما کے نئی دہلی کے دورے کے بعد سے اہم علاقوں میں ہندوستان اور امریکہ کے مضبوط ہوتے تعلقات کو اجاگر کرے گا۔جینیفر نے کہا کہ صدر(اوباما)جن امور پر بات کرنا چاہتے ہیں ان میں موسمیاتی تبدیلی اور صاف توانائی شراکت داری کے علاقے میں پیش رفت، سیکورٹی اور دفاعی تعاون اور اقتصادی ترقی سے منسلک ترجیحات کے معاملات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے کئی معاملات ہیں جہاں ہمارے تعلقات اور شراکت داری مضبوط اور اہم ہیں،ہم آب و ہوا سے لے کر فوجی، اقتصادی تعلقات کی سمت میں مل کر جو بھی قدم اٹھا رہے ہیں وہ اہم ہیں۔وزیراعظم مودی تین روزہ دورے پر 6 جون کو واشنگٹن ڈی سی آئیں گے۔یہ ان کا امریکہ کا چوتھا دورہ ہوگا۔پینٹاگون نے کل کہا تھا کہ مودی یہاں پہنچتے ہی ایرلگٹن نیشنل سیمیٹری میں خراج عقیدت پیش کریں گے جہاں امریکہ کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔وزیر اعظم سات جون کو صدر براک اوباما سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد8جون کو مودی امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے،وہ کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے پانچویں ہندوستانی وزیر اعظم ہوں گے۔